بھٹکل2ْ؍جون (ایس او نیوز)بیرون ممالک میں آباد بھٹکلی مسلمانوں کے ادارے "رابطہ سوسائٹی"نے مجلس اصلاح و تنظیم کے اشتراک سے سیف ڈرائیونگ ۔ کلین بھٹکل کا ایک منصوبہ بنایا ہے جس کے تعلق سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھٹکل مسلم خلیج کاونسل کے سکریٹری جنرل رکن الدین محی الدین کوچو آپا نے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اپنے وطن سے دور بیرونی ممالک میں بیٹھ کر ہم غیر مقیم بھٹکلیوں کو جب یہاں ہونے والے خطرناک حادثات کی خبر سننے ملتی ہے تو ہم بہت پریشان ہوجاتے ہیں۔ہم وہاں رہتے ہوئے بھٹکل کی ترقی اور فلاح و بہبود کے سلسلے میں فکر مند رہتے ہیں۔لیکن یہاں ہفتے میں ایک دو جان لیوا حادثات ہورہے ہیں۔اور نوجوان لڑکے موت کے منھ میں چلے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ ڈرائیونگ منصوبے کا مقصد نوجوانوں میں حادثات اور ان کے جان لیوا اثرات کے سلسلے میں بیداری لانا ہے۔یہ کوئی مسلمانوں کے لئے مخصوص منصوبہ نہیں ہے بلکہ اس میںیہاں کے سبھی شہریوں کی شرکت اور ان کی ترقی کا خاکہ ہے۔اس میں بھٹکل کے مختلف اداروں اور تنظیموں کے علاوہسرکاری محکمہ جات ، مندر ، مسجد اور چرچ وغیرہ کی انتظامیہ کے افرادکو شامل کرکے اس منصوبے کو کامیاب کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ بھٹکل شہر میں ہر جگہ کوڑا کرکٹ کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔باقاعدگی کے ساتھ کچرا نکاسی کرنا اور بھٹکل کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا اس منصوبے کا حصہ ہے۔اس سلسلے میں میں سرکاری و غیر سرکاری اسکول کے طلباء اور ان کے والدین میں بیداری مہم چلائی جائے گی۔یہ منصوبہ کوئی ایک دن یا ہفتے میں مکمل ہو نا ممکن نہیں ہے ۔ اس کے لئے ایک طویل عرصہ درکار ہے اور اس میں ہر طبقے سے وابستہ شہریوں کے علاوہ اداروں کا تعاون ضروری ہے۔ساتھ ہی اس کی مناسب تشہیر بھی ہونی ہے۔
اپنے منصوبے کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی سطح پر صفائی اور ستھرائی کا شعور طلباء کے اندر بیدار کرنا ہے اوران کے درمیان اس ضمن میں مقابلے کروانے کے بعد سب سے زیادہ صاف ستھرے اسکول کو 'eco school'کا ایوارڈ دیا جا ئے گا۔اسی طرح محفوظ ڈرائیونگ کے لئے تشہیری مہم چلائی جائے او ر فیس بک اوروہاٹس ایپ جیسے سوشیل میڈیا پر تصویروں کے ذریعے بیداری لانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر حافظ عبدالباسط،جیلانی شاہ بندری،الیاس سدی باپا اور مناظر حسن سکری وغیر ہ موجود تھے۔